کینیا کے ایک عہدے دار نے گذشتہ اتوار کوہ کینیا پر یوگنڈا کا ایک فوج ہیلی کاپٹر گرنے کے واقعہ میں یوگنڈا کے دو فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ کوہ کینیا نیشنل پارک کے وارڈن سائمن گیٹا کا کہناہے کہ تلاش کرنے والوں نے ہیلی کاپٹر کے ملبے کے قریب دو نعشیں دیکھی ہیں، جن کے بارے میں وارڈن کا کہناتھا کہ منگل کے روز بھی ملبے میں آگ لگی ہوئی تھی اور ممکنہ طور پر اس کے اندر بھی نعشیں ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے فوجیوں کو، جو یوگنڈا کے ایک اور ہیلی کاپٹر میں سوارتھے ، اور جسے اسی پہاڑ پر حادثہ پیش آیاتھا، منگل کے روز بچا لیا گیا۔
پیر کے روز امدادی ٹیم نے یوگنڈا کے تیسرے ہیلی کاپٹر پرسوار سات افراد کو بچا لیا۔ اس ہیلی کاپٹر نے کوہ کینیا پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔
5200 میٹر بلند یہ پہاڑ براعظم افریقہ کا دوسرا سب سے اونچا پہاڑ ہے۔
یوگنڈا کے عہدے داروں کا کہناہے کہ ان کے خیال میں موسم کی خرابی حادثے کا سبب بنی۔
روسی ساختہ ایم آئی 24 ہیلی کاپٹر عسکریت پسند گروپ الشباب کے جنگجوں کے خلاف لڑائی میں شرکت کے لیے صومالیہ جارہے تھے جہاں افریقی یونین کی فورسز جنگجوں سے جنگ میں مصروف ہیں۔
اس دستے میں شامل چوتھا ہیلی کاپٹرشمال مشرقی کینیا میں بحفاظت اتر گیاتھا۔