پاکستان : ( جیو ڈیسک) وزارت پانی و بجلی نے گرمیوں میں لوڈ شیڈنگ میں کمی کا ایک منصوبہ تیار کیا ہے جس کے ذریعے تین ہزار میگا واٹ تک بجلی کی کمی دور ہو سکے گی۔ ذرائع کے مطابق آنے والے موسم گرما میں بجلی کی قلت آٹھ ہزار میگا واٹ تک پہنچنے کا اندیشہ ہے اور دریاؤں میں پانی اگر کم ہو گیا تو مزید لوڈ شیڈنگ متوقع ہو گی ۔
وزارت پانی و بجلی کے اس منصوبے کے پہلے حصے میں حکومتی اداروں سے بجلی کے بلوں کی فوری ادائیگی کروائی جائے گی۔ حکومتی محکموں کی طرف سے ایک سو ساٹھ ارب روپے حکومتی اداروں کے التوا شدہ بل بنتے ہیں جن کی ادائیگی سے بجلی کے شعبے میں مالی مسائل کچھ کم ہو جائیں گے تا ہم زیر گردش قرضوں کی رقم میں کمی نہیں ہو سکے گی۔
دوسرے مرحلے میں بہتر کارکردگی والے بجلی بنانے والے پلانٹس کو گیس کی فراہمی کی جائے گی۔ وزارت پانی و بجلی لے اندازوں کے مطابق ان دو اقدامات سے تین ہزار میگا واٹ تک اضافی بجلی سپلائی ہو گی۔
سرکاری پلانٹس کی بجلی بنانے کی کارکردگی تیس فیصد سے زیادہ نہیں ہے جبکہ نجی بجلی بنانے والے پلانٹس کی اچھی کارکردگی اکیاون فیصد تک ہے۔