گولڈ مارکیٹ میں تیزی،قیمتوں میں اضافے کا امکان

Gold Prices

Gold Prices

امریکی الیکشن میں اوباما کی فتح نے عالمی صرافہ مارکیٹوں میں تیزی کا رجحان پیدا کردیا ہے۔۔ پاکستان میں بھی سونا جلد ایک نیا ریکارڈ قائم کرسکتا ہے۔

گزشتہ گیارہ ہفتے کی سب سے زیادہ تیزی اس وقت گولڈ مارکیٹ میں دیکھی جارہی ہے۔ جب کہ اگلے ہفتے بیش قیمت دھات کی قیمت میں مزید اضافے کی پیش گوئی کی جارہی ہے۔ بلوم برگ رپورٹ کے مطابق آٹھ نومبر کو سرمایہ کاروں نے ایک سو پینتالیس ارب ڈالر مالیت کا سونا یا اس سے تیار شدہ مصنوعات خریدیں۔ اوباما کے انتخاب کا مطلب امریکہ کی نرم مانیٹری پالیسی کا تسلسل ہے۔ عام توقع یہی ہے کہ مارکیٹ میں ڈالر کی سپلائی جاری رہے گی۔ جس سے امریکی کرنسی کی قدر بتدریج کم ہوتی جائے گی جو سونے کی قیمت میں اضافے کا باعث ہوگی۔رواں سال کے دوران سونے کی قیمت گیارہ فیصد بڑھ چکی ہے۔

گزشتہ گیارہ برس سے ہر سال کے اختتام پر بیش قیمت دھات کی قیمت بڑھ جاتی ہے۔ یہ پچھلے نوے سالوں کے دوران پہلا موقع ہے۔پاکستانی مارکیٹ میں صرافہ مارکیٹوں میں زبردست تیزی دیکھی جارہی ہے۔ خدشہ ہے کہ سونے کی قیمت ایک بار پھر ایک اور بلند ترین سطح کو چھولے گی۔ تاہم اس صورتحال میں عام صارف اب بازار کا رخ نہیں کرتا جس سے کاروبار متاثر ہورہا ہے۔