ترکی (جیوڈیسک) ترکی کے سب سے بڑے فوجی کمانڈر نے خبردار کیا ہے کہ اگر شام کی طرف سے ترک سرزمین پر گولے گرتے رہے تو سخت جواب دیا جائے گا۔مسلح افواج کے سربراہ جنرل نجدت اوزل نے اکاکیل میں کہا کہ ہم نے شامی گولہ باری کا جواب دیا ہے اور اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو مزید سخت جواب دینگے۔ فوجی سربراہ اس سرحدی علاقے کا دورہ کر رہے ہیں جہاں بڑی تعداد میں فوجی متعین ہیں اور یہاں شام سے گولہ باری ہوتی رہتی ہے جس سے شام کے ساتھ معرکہ آرائی پھیلنے کے خدشات موجود ہیں۔
اکاکیل میں گزشتہ بدھ کو ہلاکت خیز گولہ باری کے بعد ترک پارلیمان نے ماضی کے اتحادی شام کے خلاف ضرورت پڑنے پر فوری طاقت کے استعمال کی منظوری دی ہے۔ وزیراعظم رجب طیب اردگان بھی دمشق کو خبردار کرچکے ہیں کہ وہ ترکی کی برداشت کا امتحان نہ لیں اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ انقرہ اس قسم کی کارروائیاں برداشت نہیں کرے گا۔