گیرتھ بیل رونالڈو اور میسی کے درجے کا کھلاڑی ہے: ہیری ریڈنیپ
ٹوٹنہم فٹبال کلب کے سابق مینجر ہیری ریڈنیپ نے ٹوٹنہم اور ویلز کے کھلاڑی گیرتھ بیل کا فٹ بال کے عظیم کھلاڑیوں کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی سے موازنہ کرتے ہوئے کہا ہے وہ ایک ایسے مکمل کھلاڑی ہیں جو جس ٹیم میں بھی شامل ہوں وہ ٹیم مضبوط ہو جاتی ہے۔ ویلز کے کورشیا کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ سے پہلے ہیری ریڈنیپ نے کہا کہ گیرتھ بیل پرتگالی کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو اور ارجنٹائن کے لیونل میسی کے درجے کے کھلاڑی ہیں۔
ہیری ریڈنیپ نے کہا کہ گیرتھ بیل ایک ایسے مکمل کھلاڑی ہیں جو جس ٹیم میں شامل ہوں اس ٹیم کی قدر بڑھ جائے گی۔ ہیری ریڈنیپ نے کہا کہ جس دن گیرتھ بیل اپنے کھیل کے عروج پر ہوتے ہیں اس دن وہ مخالف ٹیم کے لیے وبال جان بن جاتے ہیں اور انہیں روکنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔وہ در حقیت ایک عالمی معیار کے کھلاڑی ہیں۔
گیرتھ بیل کا ٹوٹنہم کلب کے ساتھ معاہدہ دو ہزار پندرہ تک ہے۔ تیئس سالہ گیرتھ بیل نے سکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں دو گول کر کے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی تھی۔ہیری ریڈنیپ نے کہا کہ گیرتھ بیل نے جس طرح سکاٹ لینڈ کے خلاف میچ کا پانسہ پلٹا وہ حیران کن تھا۔
ہیری ریڈنیپ نے کہا:جب میچ کیختم ہونے میں صرف دس منٹ رہ جائیں تو آپ کسی خاص کھلاڑی سے توقع کرتے ہیں کہ وہ میچ کا پانسہ پلٹے گا اور یہی کچھ گیرتھ بیل نے سکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں کیا۔
ہیری ریڈنیپ نے کہا کہ گیرتھ بیل ایک مکمل کھلاڑی ہیں۔ وہ سر سے گول کرنے میں مہارت رکھتے ہیں، کک لگانے کے ماہر ہیں، غیرمعمولی ایتھلیٹ ہیں جو گیند کو لے کر گرانڈ کے دوسرے سرے تک بھاگ سکتے ہیں۔ وہ ایسے کھلاڑی ہیں جو دونوں پاں سے ہٹ لگانے میں مہارت رکھتے ہیں۔ وہ یقینا ایک مکمل کھلاڑی ہیں۔