ہم نے نیٹو سپلائی کسی کے کہنے پر بند کی نہ کسی کے دباؤ پر کھولیں گے: قمرزمان کائرہ

لالہ موسیٰ : پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و قومی سلامتی کمیٹی کے رکن چوہدری قمر زمان کائرہ نے ڈیرہ کائرہ پر ایک خصوصی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نیٹو سپلائی کسی کے کہنے پر بند کی ہے نہ کسی کے دباؤ پر کھولیں گے ، نیٹو سپلائی کا معاملہ قومی سلامتی کمیٹی اور پارلیمنٹ میں ہے ، پارلیمنٹ جو فیصل کرے گی ، حکومت اس پر عمل کرے گی ، انہوں نے دفاع پاکستان کونسل کی دھمکیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل مفروضوں پر مبنی عوام کے مسترد افراد کا ٹولہ ہے ، جس کی کوئی حیثیت نہیں ، جب عوام کے منتخب نمائندے پارلیمنٹ میں موجود ہیں ، تو پھر ملکی معاملات کو چلانے کا اختیار بھی انہی کے پاس ہے ، چوہدری قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ پارٹی قیادت نے قومی سلامتی کمیٹی کے رکن کی جو ذمہ داری سونپی ہے اسے ذمہ داری سے نبھانے کی پوری کوشش کرونگا ، ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کے مجھے کسی واردات کا قلمدان سونپا جا رہا ہے ، اگر پھر کوئی وزارت ملی تو یہ قوم کی امانت ہوگی اور اسے قومی فریضہ سمجھتے ہوئے پہلے بھی سرانجام دیا تھا آئندہ بھی کوشش کرونگا ۔