جمعرات کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی
جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کے خلاف ہیڈنگلے میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھانے کے وقفے پر بغیر کسی نقصان پر چوراسی رنز بنا لیے۔
پہلے دن کھانے کے وقفے پر ایلورو پیٹرسن اور گراہم سمتھ کریز پر موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب انسٹھ اور چوبیس رنز بنائے تھے۔
کلِک میچ کا تفصیلی سکور کارڈ
جمعرات کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کپتان گریم سمتھ اور ایلورو پیٹرسن نے اننگز کا آغاز کیا اور پر اعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی مجموعی سکور چوراسی رنز تک پہنچا دیا۔ اسی دوران ایلورو پیٹرسن نے اپنی نصف سنچری بنائی۔
ہینڈنگلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کی ٹیم میں سپنرگرہیم سوان کی جگہ فاسٹ بولر سٹیفن فِن کو شامل کیا گیا ہے۔ انگلینڈ نے نوجوان بیٹسمین جیمز ٹیلر کو روی بوپارا کی جگہ ٹیم میں شامل کیا ہے۔ روی بوپارا نیذاتی وجوہات کی وجہ سے ٹیم میں شریک ہونے سے انکار کیا تھا۔
اس سے پہلے اوول میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو ایک اننگز اور بارہ رنز سے شکست دے کرتین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم ہینڈنگلے ٹیسٹ جیت کر ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر آ سکتی ہے۔ تاہم برطانوی ٹیم کے کپتان اینڈریو سٹراس کا کہنا ہے کہ ان کی پوری توجہ ہیڈنگلے ٹیسٹ جیتنے پر ہو گی۔
سٹراس نے کہا کہ ہمیں یہ سیریز جیتنے کے لیے ہیڈنگلے ٹیسٹ جیتنا ہو گا اور ہم اس کے لیے پر امید ہیں۔
سٹراس کا مزید کہنا تھا کہ آپ ہر میچ نہیں جیت سکتے۔ آپ غلطیاں کرتے ہیں جس کی آپ کو سزا ملتی ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم اس وقت ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ہے۔
انگلینڈ نے یہ پوزیشن آسٹریلیا، بھارت اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیت کر حاصل کی تاہم جنوبی افریقہ کے خلاف اوول ٹیسٹ میں شکست کے بعد اس کی یہ پوزیشن خطرے میں ہے۔
انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان موجودہ سیریز کے دوران تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے۔