یمن میں سیکورٹی فورسز کی فائرنگ میں مزید اٹھائیس مظاہرین ہلاک ہوگئے ہیں یہ ہلاکتیں دارالحکومت ثنا میں ہوئیں، جہاں صدر علی عبداللہ صالح کے اقتدار کے خاتمے کیلئے احتجاج کرنے والے مظاہرین نے اپنے احتجاجی کیمپ سے نکل کر ایوان صدر کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس دوران سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کو روکنے کیلئے فائرنگ شروع کردی، جس سے اٹھائیس افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں اور علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔ دوسری جانب حکومت کی طرف سے وضاحت کی گئی ہے کہ مظاہرین پر فائرنگ سیکورٹی فورسز نے نہیں بلکہ ایک مذہبی تنظیم کی طرف سے کی گئی۔