اسلام آباد: (جیو ڈیسک) وطن عزیز کے قیام کی قرار داد منظور ہونے کا تاریخی دن یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ سرکاری اور غیرسرکاری اداروں کی جانب سے تقریبات کا اہتمام اور ریلیاں نکالی گئیں۔
آج دن کا آغاز اسلام آباد میں اکتیس توپوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔ ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے نماز فجر کے بعد مساجد میں خصوصی دعائیں کی گئیں۔
کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گورنر، وزیر اعلیٰ سندھ اور وزراء نے حاضری دی اور فاتحہ پڑھی۔ مسلح افواج کے نمائندے، سیاسی اور سماجی شخصیات بھی مزار قائد پر حاضر ہوئے۔ شہریوں کی بھی بڑی تعداد مزار قائد پر حاضرہوئی اور فاتحہ خوانی کی۔
لاہور میں علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔ جس کے مہمان خصوصی بیس کمانڈر ایئرکموڈور سہیل احمد اور سینٹرل ایئر کمانڈر ائیر وائس مارشل اسد لودھی تھے۔ انہوں نے مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
پشاورمیں مرکزی تقریب کورہیڈ کواٹرمیں منعقد ہوئی جس میں شہداکے اہل خانہ اور فوجی افسران کواعزازات سے نوازا گیا۔
کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی سے ایوب اسٹیڈیم تک امن واک ہوئی اور ایوب اسٹیڈیم میں میلے کا انعقادکیا گیا جس میں وزیر اعلی اسلم رئیسانی نے پرچم کشائی کی۔ ملک کی تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر سبز ہلالی پرچم لہرائے گئے اور تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔