لاہور(جیوڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے فوجی چھتری کے بغیر پانچ سال پورے کرلئے جو جمہوریت پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔
انہوں نے الیکشن کے دن کو یوم احتساب قرار دے دیا، کہتے ہیں خود کو آئین سے بالا سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔
لاہور رائیونڈ روڈ پر ایک چرچ میں کرسمس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ قوم اب ایسے لوگوں کو منتخب کرنے کو تیار نہیں جنھوں نے آئین قانون اور انصاف کو توڑا۔ جس طرح کالا باغ ڈیم ایک طرف ہو گیا، لوگوں کو سبز دکھانے والے بھی ایک طرف ہو جائیں گے۔
میاں نوازشریف نے کہا کہ پاکستان میں آئندہ انتخابات کا دن یوم احتساب ہو گا۔ جنھوں نے قوم کے لئے کچھ نہیں کیا، عوام اپنے ووٹوں سے ایسے حکمرانوں کی چھٹی کر دیں گے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ 25 دسمبر کو انھیں تین خوشیاں ملتی ہیں۔ ایک کرسمس، دوسری قائد اعظم کی سالگرہ اور تیسری خود ان کی اپنی سالگرہ کی خوشی ہوتی ہے۔