وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ آئین کا کوئی آرٹیکل معطل نہیں۔ آئین کے ہر آرٹیکل پر عمل درآمد ہوگا۔ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ طاہرالقادری کے ساتھ کل لاہور میں ہونے والی میٹنگ میں لا منسٹر رپورٹ پیش کرینگے اور اور دیگر معاملات میں پیش رفت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے معاملے میں آئینی ماہرین جن میں فروغ نسیم ،اعتزاز احسن ،ایس ایم ظفر ،خالد رانجھا اور وسیم سجاد سے مشاورت کے بعد رپورٹ پیش کی جائے گی۔ توقیر صادق کیس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگر مقرر کیے گئے شخص نے کوئی غلطی کی ہے تو اس کے قصور کی سز اکسی دوسرے کو نہیں ملنی چاہیے ۔
نگران حکومت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دیانت دار سیاستدانوں کے زیر اثر ہی نگران حکومت ہونی چاہیے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں دو جماعتیں ہوتی ہیں منظم اور غیر منظم ،ہم غیر منظم ہیں۔ ہماری پارٹی میں جمہوریت نہیں تو آمریت بھی نہیں ہے۔