پاکستان (جیو ڈیسک) سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز ہارنے کے باوجود پاکستان کی جانب سے عمدہ پرفارمنس دینے والے کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے۔ اظہر علی ٹاپ ٹین بیٹسمینوں میں شامل ہوگئے ہیں۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں پاکستان کے نوجوان بیٹسمین اظہر علی تین درجے ترقی کے بعد دسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں اظہر علی نے دو سنچریاں اسکور کی ہیں۔ پالی کیلے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے مڈل آرڈر بیٹسمین اسد شفیق بارہ درجے بہتری کے بعد تیس ویں پوزیشن پر آگئے۔
آوٹ آف فارم یونس خان دو درجہ تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بولرز کی فہرست میں سعید اجمل دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ فاسٹ بولر جنید خان نے عمدہ کارکردگی کی بدولت آٹھ درجے ترقی کے بعد چوتیسویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔