انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے آئندہ نائب صدر کی نامزدگی کیلئے قائم خصوصی کمیٹی کا اجلاس منگل کو آئی سی سی کے دبئی ہیڈ کوارٹر میں ہو گا۔ آئی سی سی کے موجودہ صدر شرد پوارکے عہدے کی میعاد پوری ہونے پر جولائی دوہزار بارہ میں نائب صدر نیوزی لینڈ کے ایلن آئزک صدر بن جائیں گے اور نیانائب صدر عہدہ سنبھالے گا جو دوہزار چودہ میں ایلن آئزک کے بعد صدر بنیگا۔ نائب صدارت کی باری پاکستان اور بنگلہ دیش کے نمائندے کی ہے۔ بنگلہ دیش بورڈ کے سربراہ مصطفے کمال عہدے کے امیدوار ہیں اور انکا موقف ہے کہ پاکستان کے احسان مانی آئی سی سی کے صدر رہ چکے ہیں اسلئے پاکستان اس بار انکی حمایت کرے۔ پی سی بی کے ذکا اشرف نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کے عوض بنگلہ دیش کو حمایت کا یقین دلایا ہے۔ نائب صدر کی نامزدگی کیلئے کمیٹی میں شرد پوار، ایلن آئزک اور ویسٹ انڈیز بورڈ کے صدر جولین ہنٹ شامل ہیں۔