سری لنکا کا دورہ ختم ہونے کے فوری بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کوچ ٹم نیلسن اپنے عہدے سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ ٹم نیلسن کو دوہزار سات میں جان بکانن کا جائشین مقرر کیاگیا تھا۔ ان کے دور میں آسٹریلیا چوبیس سال بعد ہوم ایشیز سیریز ہار گیا اور ورلڈ کپ میں اسکی فتوحات کا سلسلہ ختم ہوگیا۔ ٹم نیلسن نے کہاکہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کیساتھ کام کرنا ان کیلئے بہت بڑا اعزاز تھا اور وہ اس کے ہر لمحے سے لطف اندوز ہوئے ہیں ۔ انکے دور میں آسٹریلیا ٹیسٹ میں ٹاپ پوزیشن برقرار نہیں رکھ سکالیکن ون ڈے میں چار سالہ برتری برقرار ہے اور ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدر لینڈ نے کہاکہ نیلسن کی خدمات قابل قدر ہیں اور ہم ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔