آسٹریلیا (جیو ڈیسک) آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے میچوں کے اوقات پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا ہے اور کہا ہے کہ رات پونے دو بجے ختم ہونیوالے میچز سکیورٹی رسک ہوسکتے ہیں۔آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے چیف پال مارش نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے میچوں کے اوقات پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ رات پونے دو بجے ختم ہونیوالے میچز حفاظتی خدشات پیدا کردیں گے اور انہوں نے اس بارے میں کھلاڑیوں کی رائے مانگی ہے۔
آسٹریلیا کے بورڈ کرکٹ آسٹریلیا نے البتہ ان خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس سیریز کو شیڈول کرنے میں خاصی دشواری ہوئی ہے اور وہ پاکستان کو اس پروگرام پر ہر طرح سے سپورٹ کریگا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز اٹھائیس اگست سے دس ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائیگی۔