آگ کے درمیان سے نکلا
Posted on May 8, 2012 By Adeel Webmaster شکیب جلالی
house fire
آگ کے درمیان سے نکلا
میں بھی کس امتحان سے نکلا
پھر ہوا سے سُلگ اٹھے پتے
پھر دھواں گلستان سے نکلا
جب بھی نکلا ستارئہ اُمید
کہر کے درمیان سے نکلا
چاندنی جھانکتی ہے گلیوں میں
کوئی سایہ مکان سے نکلا
ایک شعلہ پھر ایک دھویں کی لکیر
اور کیا خاکدان سے نکلا
چاند جس آسمان میں ڈوبا
کب اسی آسمان سے نکلا
یہ گُوہر جس کو آفتاب کہیں
کس اندھیرے کی کان سے نکلا
شکر ہے اس نے بیوفائی کی
میں کڑے امتحان سے نکلا
لوگ دشمن ہوئے اسی کے شکیب
کام جس مہربان سے نکلا
شکیب جلالی