اب تک حلقہ کیلئے جو کچھ بھی کیا میری نظر میں کچھ نہیں ہے اگر مجھے اللہ نے دوبارہ موقع دیا تو مثالی ترقیاتی کام کراؤں گا۔چوہدری رضا
Posted on November 16, 2012 By Geo Urdu سٹی نیوز
کوٹلہ (ارب علی خان)چوہدری رضا نے حلقہ این اے 107کے ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں یونین کونسل لنگڑیال کے گاؤں بنگیال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب تک حلقہ کیلئے جو کچھ بھی کیا میری نظر میں کچھ نہیں ہے اگر مجھے اللہ نے دوبارہ موقع دیا تو مثالی ترقیاتی کام کراؤں گا چوہدری برادران نے اپنے دس سالہ دورِ حکومت میں جو ترقیاتی کام کروائے وہ بھی آپ کے سامنے ہیں اور ہماری چار سالہ کارکردگی بھی ا نہوں نے کہا کہ میں نے نہ کبھی جھوٹ بولا ہے اور نہ جھوٹ بولنے والے کو پسند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان نام نہاد لیڈروں کو ایم پی اے اور ایم این اے بننے کا جنون ہے مگر ہمارامشن خدمت ہے یہ میرے والد محترم کی وصیت ہے اسے ہر صورت جاری رکھوں گا خواہ میں ایم پی اے بنوں یا نہ بنوں۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف ہم نے سکول و کالج بنائے ہیں بلکہ ان کے مسائل بھی حل کئے ہیں جرائم کو بھی کنٹرول کیا ہے۔ اب پیسے دے کر جھوٹی ایف آئی آر نہیں کٹوائی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ چوہدریوں کی حالت ایسی ہوگئی ہے وہ اقتدار کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے ۔ اقتدار کیلئے انہیں زرداری کی کرپشن کو بھی قبول کیاانہیں پروٹوکول لینے کی عادت پڑ گئی ہے۔ اب یہ لوگوں کو سوئی گیس دے رہے ہیں انہوں نے اس وقت کیوں نہیں دی جب وہ اقتدار میں تھے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑے نازک حالات سے گزر رہا ہے اس وقت اسے نواز شریف کی قیادت کی ضرورت ہے۔اگر میں عوام کے کام نہ آسکا تو میں وعدہ کرتا ہوں کہ اسمبلی میں نہیں بیٹھوں گا گھر آجاؤں گا۔
چوہدری محمد اکرم نے کہا کہ ہم دھوکے میں رہے ہمارے کام نہیں ہوئے ہماری آنکھیں دیر سے کھلی ہیں مگر چوہدری عابد رضا نے علاقہ میں فلاحی و تعمیری کاموں کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے چوہدری عابد رضا ایسا پھول ہیں جس کی خوشبو ہمیں آرہی ہے ہمارا لیڈر اب چوہدری عابد رضا ہی ہے۔چیئرمین چوہدری محمد عباس نے کہاکہ چوہدری برادران ہمیں استعمال کرتے رہے ہیں اب ہمیں چوہدری عابد رضا کی صورت میں ایک دردِ دل رکھنے والا قائد دستیاب ہے لہٰذا اب کسی دوسرے کی ضرورت نہیں ہے۔ چوہدری گلزار حسین نے کہاکہ چوہدری عابد رضا نے وہ کام سرانجام دیئے ہیں جو کوئی دوسرا نہیں دے سکا سب لوگ کہہ رہے ہیں زرداری حکومت نے کچھ نہیں کیا یہ نہایت نااہل حکومت ہے اس لئے ہم چوہدری عابد رضا کی خواہش پر اس ضمنی الیکشن میں ملک محمد حنیف کو ووٹ دیں ۔ بنگیال میں جلسہ کے روح رواں الحاج محمد شریف سابق چیئرمین زکوٰة و عشر کمیٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں نے سب لوگوں کے کام کئے ہیں اور ووٹ نہیں مانگا لیکن اب میری گاؤں کے بہن بھائیوں سے گزارش ہے کہ وہ چوہدری عابد رضا کو ووٹ دیں۔