اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان کا ترجمان احسان اللہ احسا ن پشاور میں چھپا ہوا ہے جبکہ اسے بہترین تحفظ بھی فراہم کیا جارہا ہے۔ سیکورٹی ایجنسیاں طالبان کے ترجمان کی پناہ گاہ کا بہت جلد پتہ لگا لیں گی۔
اسلام آباد میں عمان کے قومی دن کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ طالبان مختلف گروہوں میں تقسیم ہوچکے ہیں۔ ایک سوال پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ محرم کے دوران ہونے والے دھماکوں کی پیشگی اطلاع صوبائی حکومتوں کو فراہم کردی گئی تھی تاہم وہ مقررہ وقت پر کاروائی نہ کرسکیں۔ دھماکوں کی تحقیقات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
رحمان ملک نے کہا کہ نیشنل کانٹر ٹیرارزم اتھارٹی کا قیام جلد عمل میں لایا جارہا ہے جس کی سربراہی وزیراعظم کریں گے جبکہ اراکین میں ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی، صوبائی حکومتوں کے نمائندے اور پارلیمینٹیرئنز شامل ہوں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ایران کے ساتھ سیکورٹی کے شعبہ میں تعاون کو مزید بڑھایا جارہا ہے۔