سپریم کورٹ(جیوڈیسک)سپریم کورٹ نے ارسلان افتخارکیس میں ملک ریاض کی نظرثانی درخواست اور شعیب سڈل کمیشن کی مدت میں توسیع سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔
سپریم کورٹ کے جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ارسلان افتخارکیس میں ملک ریاض کی نظر ثانی درخواست اورشعیب سڈل کمیشن کی مدت میں توسیع سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی۔ ملک ریاض کے وکیل زاہد بخاری نے اعتراض کیا کہ موجودہ بنچ ملک ریاض کی نظر ثانی کی درخواست کی سماعت نہیں کر سکتا۔ قواعد کے تحت جو بنچ فیصلہ دے وہ ہی نظرثانی کی درخواست کی سماعت کرے گا۔ ارسلان افتخارکے وکیل سرداراسحاق نے کہا کہ ملک ریاض شعیب سڈل کمیشن میں پیش نہیں ہو رہے۔
وکیل زاہد بخاری نے کہا کہ عدالت میں لکھ کر دیا ہے ۔شعیب سڈل کمیشن غیرقانونی ہے۔ملک ریاض کا کمیشن میں پیش ہونے کا کیا سوال ہے۔زاہد بخاری کا کہنا تھا کہ شعیب سڈل ارسلان افتخارکے لئے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شعیب سڈل کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کروں گا۔ زاہد بخاری نے کہا کہ ایسی کونسی ایمرجنسی ہے کہ جج دستیاب نہیں اور سماعت کی جا رہی ہے۔