دنیا کی کم عمر ترین پاکستانی مائیکرو سافٹ انجینیئر ارفع کریم کی میت لاہور میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد فیصل آباد روانہ کردی گئی۔ ارفع کریم گزشتہ رات سی ایم ایچ لاہور میں انتقال کرگئی تھیں۔ وہ کئی روز سے کومہ میں تھی۔ ایک روز پہلے ان کی حالت میں معمولی بہتری کی اطلاع پر اہل خانہ کی تھوڑی ڈھارس بندھی تھی لیکن رات کو حالت دوبارہ بگڑنے کے بعد وہ انتقال کرگئیں۔ ارفع کی نماز جنازہ صبح دس بجے خالد مسجد کیولری گراؤنڈ لاہور میں ادا کی گئی جس میں وزیراعلی پنجاب شہباز شریف اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ وزیراعلی نے ارفع کے والد سے تعزیت بھی کی۔ نماز جنازہ کے بعد میت فیصل آباد روانہ کردی گئی جہاں انہیں سرگودھا روڈ پر آبائی گاؤں کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔