پاکستان کے وزیرِ اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے حال ہی میں وفات پانے والی ارفع کریم رند ھاوا کے نام پر ڈاک کا یادگاری ٹکٹ جاری کرنے کی منظوری ہے۔پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق وزیرِ اعظم نے جمعہ کو نو برس کی عمر میں مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل امتحان پاس کر کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا میں تہلکہ مچانے والی پاکستانی لڑکی ارفع کی یاد میں یادگاری ٹکٹ کی منظوری دی۔ ارفع چودہ جنوری کو حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث لاہور میں انتقال کر گئی تھیں۔ان کی عمر سولہ برس تھی اور انہوں نے دو ہزار چھ میں یہ امتحان پاس کیا تھا جس کے بعد مائیکرو سافٹ کمپنی کے مالک بل گیٹس نے ارفع کریم کو خصوصی طور پر امریکہ بلا کر ان سے ملاقات کی تھی۔انہیں نومبر دو ہزار چھ میں دوبارہ مائیکرو سافٹ کے ہیڈکوارٹر مدعو کیا گیا۔ارفع کریم کو گزشتہ ماہ کی بائیس تاریخ کو مرگی کے دورے کے بعد طبیعت بگڑنے پر لاہور کے سی ایم ایچ ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ کومے کی حالت میں رہیں اور چودہ جنوری کی شب کو انتقال کر گئیں۔