لاہور : وزیرا علی شہباز شریف کا کہنا ہے کہ استعمال شدہ ٹائر ڈینگی پھیلانے کا بڑا سبب ہیں۔ پرانے ٹائروں کے کاروبار کیلئے ایک خود مختار ادارہ قائم کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔ لاہور میں ڈینگی جائزہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ صوبے میں ڈینگی سے بچا کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔تمام سرکاری محکموں میں پرانے ٹائرز کو تین ماہ بعد تلف کر دیا جائے گا۔ موذی وائرس کے تدارک کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے فیصل آباد اور راولپنڈی خصوصی ٹیمیں بھیجی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بلڈبنک کے قیام پر لوگوں کا رد عمل شاندار ہے اور اب تک تیس ہزار ڈونرز کی رجسٹریشن ہوچکی ہے۔ لاہور میں دو ہزار ماہرین حشرات اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ان ڈور سرویلینس کیلئے تعینات کیا گیا ہے۔ وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران ڈینگی مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے کنسلٹنٹس اور ڈاکٹرز ہسپتالوں میں موجود رہیں گے۔ وزیراعلی نے کمشنر لاہور کو ہدایت کی کہ عید کے دنوں میں صفائی کا جامع پلان بنایا جائے اور اس سلسلے میں آگہی مہم بھی شروع کی جائے۔ عالمی ادارہ صحت کے وفد نے ڈاکٹر رعناکاکڑ کی سربراہی میں وزیراعلی سے ملاقات کی اور ڈینگی وائرس کے تدارک اور تربیت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔