اسلام آباد(جیوڈیسک)ملی یکجہتی کونسل نے غزہ پر اسرائیلی مظالم کے خلاف جمعہ کو یوم احتجاج منانے کا اعلان کیا ہے۔ اسلام آباد میں ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ قاضی حسین احمد نے نیوز کانفرنس میں علما، مشائخ اور خطبا سے اپیل کی کہ جمعہ کے اجتماعات میں غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف آواز بلند کریں اور مسلمانوں میں اتحاد کے حوالے سے بات کریں۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ باہمی اختلافات پس پشت ڈال کراسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے او آئی سی کا اجلاس بلا کر عملی اقدامات کریں ۔ قاضی حسین احمد نے کہاکہ اسرائیل کا مسئلہ تمام مسائل کی جڑ ہے اور جب تک فلسطینیوں کو ان کا حق واپس نہیں دلایا جاتا دنیا میں امن ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا یہودی ریاست کی پشت پناہی کر رہا ہے اور ان حملوں کا جائز قرار دے رہا ہے جبکہ ہمارے خطے میں بھی تمام مسائل امریکا اور اس اتحادیوں کی وجہ سے ہیں۔
قاضی حسین احمد نے ان پر ہونے والے خود کش حملوں کی ذمہ داری بھی ان ہی قوتوں پر عائد کی اور کہا کہ امریکا سے علیحدگی اختیار کی جائے اور دہشت گردی کے خلاف نام نہاد جنگ سے دستبرداری کا اعلان کیا جائے تو خطے میں امن ہو جائے گا۔