اسرائیل اپنے تمام مقاصد میں ناکام رہا ہے: خالد مشعل

Khaled Meshaal

Khaled Meshaal

قاہرہ(جیوڈیسک) حماس کے سربراہ خالد مشعل نے غزہ میں امن معاہدہ طے پانے کے بعد کہا ہے کہ اسرائیل اپنے تمام مقاصد میں ناکام رہا ہے۔

مشعل کا کہنا تھا کہ آٹھ روز کے بعد اللہ تعالی نے ان کے ہاتھ غزہ کے لوگوں سے دور رکھے اور وہ مزاحمت پر شرائط رکھنے کے لئے مجبور ہوئے۔ انہوں نے قاہرہ کے ایک ہوٹل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اپنے تمام مقاصد میں ناکام ہو چکا ہے۔ مشعل نے جنگ بندی میں ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ملک مصر کے ساتھ ساتھ ایران کا بھی شکریہ ادا کیا جس کا ان کے بقول تنازع کے دوران ان کی اسلامی تحریک کو ہتھیار فراہم کرنے میں کردار رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے پیارے مصری بھائیوں، بہادر منتخب صدر محمد مرسی کی معاونت، مصر کی جانب سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے اور مزاحمت اور فلسطینی عوام کے مطالبات کو سمجھنے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

مشعل نے شام کی صورتحال پر اختلافات کے باوجود ایران کی بھی تعریف کی اور حماس رہنما نے اسرائیل کو معاہدے کی خلاف ورزی کرنے سے متعلق خبردار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ معاہدے پر کاربند رہیں گے تو ہم بھی پورا اتریں گے۔ اگر آپ پورا نہیں اترے تو ہمارے ہاتھوں میں بندوقیں ہیں۔