اسلام آباد(جیوڈیسک)قومی سلامتی کمیٹی کے چیئرمین سینٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ شمالی وزیر ستان میں آپریشن کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کو ملکر کر نا ہے امریکہ کو اس حوالے سے دباؤ ڈالنے سے گریز کرنا چاہیئے۔
اسلام آباد میں یوتھ پارلیمنٹ کے خطاب اور سوالات کے جواب میں ا ن کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے حوالے سے امریکہ کی جانب سے بارہا کہا گیا ۔ان کا کہنا تھا کہ ڈکٹیٹر پرویز مشرف نے پاکستان کو اپنی جاگیر سمجھ کر امریکہ کے حوالے کیئے رکھا۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے ڈرون حملوں کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قراردیا جبکہ پارلیمنٹ نے ڈرون حملوں کے خلاف قراردادیں منظور کیں تاہم امریکہ نے ان سب کی پروا نہیں کی۔
ان کا کہنا تھاکہ لاپتہ افراد کے معاملے پر تو اقوم متحدہ اپنا کمیشن پاکستان بجھوا دیتا ہے تاہم خود اقوام متحدہ کی جانب سے ہی ڈرون حملوں کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قراردیئے جانے کے باوجود انھیں رکوانے کیلئے کوئی اقدام نہ اٹھانا اس عالمی ادارے کے دوہرے معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انھوں نے کہا کہ دوہرے معیار کی وجہ سے اقوا م متحدہ خود مختار بین الاقوامی ادارہ نہیں رہا۔