اسلام آباد: وزیراعظم کی جانب سے تشکیل دی گئی توانائی کمیٹی نے بجلی کی لاگت اور آمدن کے تجزیے کے لیے دو سب کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔ کمیٹی کا تیسرا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں توانائی کے شعبے کو درپیش مالیاتی مسائل پر تفصیلی بحث ہوئی۔ اس موقع پر مختلف اداروں کے اعدادوشمار میں اختلاف کی وجہ سے فیول کی مارکیٹ پرائس میں فرق، بجلی کی قیمت، لائن لاسز سمیت دوسرے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمیٹی نے بجلی کی لاگت اور آمدن کے تجزیے کے لیے دو سب کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔ مختلف وزارتوں کی جانب سے کمیٹی کے سامنے موقف اختیار کیا گیا کہ تیل اور بجلی کی قیمتوں میں تبدیلی کی وجہ سے اعدادوشمار میں تبدیلی آتی رہتی ہے۔ کمیٹی کا کہنا تھا کہ نیپرا صارفین کے حقوق مدنظر رکھتا ہے اور اسی حوالے سے بجلی کی قیمتوں کا تعین کرتا ہے۔ کمیٹی نے نیپرا کو تفصیلی بریفنگ دینے کا حکم بھی دیا۔ آئی پی پیز کے نمائندوں نے زیر گردش قرضوں، ادائیگیوں کی صورتحال اور مالیاتی مشکلات سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔