اسلام آباد : وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے جہالت اور ناخواندگی کو معاشرتی برائیوں کی جڑ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ حکومت فروغ تعلیم کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی، دہشت گردی اور انتہا پسندی ملک کو درپیش سب سے بڑاچیلنج ہے،اسکولوں کو تباہ کرنا جہالت کے سوا کچھ نہیں۔ وہ ڈپلومیٹک انکلیو میں وزیراعظم اسٹاف کالونی کے بچوں کے لئے بوائز اور گرلز ماڈل سکولوں کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعظم نے کہاکہ کوئی بھی ملک اور معاشرہ تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ وزیراعظم نے تعلیم کو اپنی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک قراردیتے ہوئے کہاکہ ملک میں یکساں تعلیمی پالیسی مرتب کرنے کے لئے بات چیت جاری ہے اوراس مقصد کے لئے تعلیمی کانفرنس بلائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو مالی مشکلات کا سامنا ہے مگر مالی مشکلات کے باوجود تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کو درپیش سب سے بڑا چیلنج دہشت گردی ،انتہا پسندی اور معاشرے میں پائی جانے والی عدم رواداری ہے۔اس لئے ضروری ہے کہ معاشرہ میں آگہی پھیلائی جائے کہ یہ لعنتیں ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ سکولوں کوتباہ کرناجہالت کے سوا کچھ نہیں۔یہ ملک اورقوم کے معماروں کا نقصان ہے۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر اپنے اعتماد کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کے بارے میں غلط اندازہ نہ لگایا جائے ،اگر نوجوانوں کومواقع میسر ہوں تو وہ ملک اور قوم کا نام بلند کرنے کی بھر پور صلاحیت کے حامل ہیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر ملی نغمے پیش کرنے والی طالبات کے لئے ایک لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔