اسلام آباد: سلیم شہزاد قتل کیس تحقیقاتی کمیشن کے سامنے دو صحافیوں اور تھانہ مارگلہ اسلام آباد کے پولیس حکام نے اپنے بیانات قلمبند کرادیے ہیں جب کہ کمیشن نے مزید چار صحافیوں کو کل بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر لیا ہے۔ سلیم شہزاد قتل کیس تحقیقاتی کمیشن کا اجلاس جسٹس ثاقب نثار کی سر براہی میں ہوا ۔ اجلاس کے دوران کمیشن نے انچارج تھانہ مارگلہ اسلام آباد کو سلیم شہزاد کی گمشدگی کی تفتیش کے ریکارڈ سمیت طلب کیا۔ مارگلہ تھانہ کے حکام نے تفتیش کا ریکارڈ کمیشن کے روبرو پیش کر دیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رکن کمیشن پرویز شوکت نے کہا کہ لیب ٹاپ اور پاس ورڈ نہ ہونے کی وجہ سے سلیم شہزاد کا ای میلز ریکارڈز حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے لیکن کمیشن کی جانب سے ای میل کا ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے تمام قانونی ضرورتوں کو پورا کیا جا رہا ہے۔ کمیشن کا اجلاس کل تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔