وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس نے دہشت گردی کے ایک منصوبے کو ناکام بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مشتبہ ٹھکانے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرکے دو افراد کو گرفتار کرلیا ۔اسلام آباد پولیس کے سربراہ بنی یامین نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ کارروائی ہفتہ کی صبح دارالحکومت کے نواح میں واقع علاقے چٹھہ بختاور میں کی گئی جہاں مبینہ دہشت گردوں نے ایک گھر میں درجنوں راکٹ، ہینڈ گرینیڈز اور خودکش جیکٹس چھپا رکھی تھیں۔گھر کے قریب ایک گاڑی سے دیگر جدید اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔پولیس عہدیداروں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں اور ان کا کہنا تھا کہ گرفتار کیے گئے افراد سے تفتیش کے بعد ان کے محرکات اور ممکنہ اہداف سے ذرائع ابلاغ کو مطلع کیا جائے گا۔