اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ پر دبا کم کرنے اور کم آمدنی والے طبقات کی سہولت کیلئے سستے ذریعہ ٹرانسپورٹ کی فراہمی کیلئے موٹر سائیکل مینوفیکچرنگ پلانٹ کے قیام کے عمل کو تیز کرے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو ایوان صدر میں جاپانی مینوفیکچررر کمپنی یاماہا کی طرف سے کراچی میں موٹر سائیکل پلانٹ کے قیام پر پیشرفت کے جائزہ کیلئے منعقدہ اجلاس کے دوران دی گئی بریفنگ میں کہی۔ اجلاس میں سینئر وفاقی وزیر صنعت چوہدری پرویز الہی، صدر کے سیکرٹری جنرل سلمان فاروق، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سلیم ایچ مانڈوی والا، سیکرٹری صنعت عزیز احمد بلور اور صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے شرکت کی۔ صدارتی ترجمان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت کے جاپان کے دورہ اور جاپانی سرمایہ کاروں و مینو فیکچررز کے ساتھ ملاقات کے دوران یاماہا موٹر سائیکل کمپنی نے پاکستان میں موٹر سائیکل تیار کرنے والے پلانٹ کے قیام میں گہری دلچسپی ظاہر کی تھی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جاپانی کمپنی یاماہا کی ٹیمیں کراچی میں موٹر سائیکل کی تیاری کیلئے منصوبہ جات اور تجاویز کے حوالہ سے پہلے ہی پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں۔ صدر نے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور انہیں ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے پر زور دیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ موٹر بائیک کم آمدنی والے طبقات کیلئے سستا ذریعہ ٹرانسپورٹ ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ یاماہا کی سرمایہ کاری اور پاکستان میں مینوفیکچرنگ پلانٹ کے قیام کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور اور اس عمل کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو خطہ میں کاروبار دوست مقام میں بدلنے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو سہولت دینے کیلئے طریقہ ہائے کار کو آسان بنانے کیلئے پرعزم ہے۔