اسلام آباد (جیوڈیسک)طاہر القادری کا جناح ایونیو پر دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے۔تحریک منہاج القرآن کے دھرنے کے شرکا کو آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے کنٹینرز کی تہری لائن لگادی گئی جبکہ دھرنے میں شریک کارکنوں نے بھی ڈنڈا بردار فورس تیار کرلی۔
ریڈ زون کی طرف لوگوں کو بڑھنے سے روکنے کے لیے کنٹینروں کی تہری دیوار بنا کر آگے مٹی ڈال دی گئی ہے تاکہ کنٹینرز کو آگے نہ دھکیلا جاسکے۔ سیکیورٹی اہلکاروں کے تازہ دم دستے بھی پہنچ گئے۔
دوسری طرف تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں نے درختوں کی شاخیں تراش کر ڈنڈے بنالیے ہیں جبکہ خواتین کے ڈنڈا بردار دستے نے طاہر القادری کے کنٹینر کا گھیراؤ کر رکھا ہے۔