اسلام آباد: وزارت خزانہ نے ملکی مارکیٹ میں سکوک بانڈز کے اجرا اور انتظام کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے نجی شعبہ سے مالیاتی مشیر کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ پاکستان ڈومیسٹک سکوک کمپنی لمیٹڈ پی ڈی ایس سی ایل کیلئے اچھی ساکھ کے حامل کمرشل بینک یا مالیاتی ادارے سے 5 برس کیلئے مشاورتی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ پیر کو یہاں وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ پی ڈی ایس سی ایل خزانہ ڈویژن کا ایک ذیلی ادارہ ہے جو ملکی مالیاتی مارکیٹوں سے فنڈز کے حصول کیلئے کام کرتا ہے اور اس سلسلہ میں جاری کئے جانے والے بانڈز اور سکوک سے متعلق امور کی نگرانی کرتا ہے۔ وزارت خزانہ نے کمپنی کیلئے کسی کمرشل بنک یا مالیاتی ادارے سے بطور مالیاتی مشیر خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مالیاتی مشیر ملکی مالیاتی مارکیٹوں میں سکوک بانڈز کے اجرا اور متعلقہ سودوں کے انتظام کے حوالہ سے مشاورتی خدمات فراہم کرے گا۔ یہ خدمات 5 برس کی مدت کیلئے حاصل کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق خدمات کے حصول کیلئے مروجہ قواعد و ضوابط میں متعین کردہ طریقہ کار اختیار کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں باضابطہ طور پر نجی شعبہ سے اظہار دلچسپی طلب کئے جائیں گے اور اس مالیاتی ادارے یا کمرشل بنک کو ترجیح دی جائے گی جو سکوک، بانڈز یا دیگر مالیاتی سودوں کے اجرا، بہتر انتظام اور تکمیل کے تجربہ کے ساتھ ساتھ اہل ماہرین کی خدمات اور مستحکم مالی حیثیت کا حامل ہے۔