اسلام آباد : (جیو ڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کرپشن کی وجہ سے ملک کا دیوالیہ نکل گیا ہے۔ اسلام آباد میں پوسٹ بجٹ پریس بریفنگ میں ان کا کہنا تھا حکمرانوں میں سے کسی نے صحیح اثاثے ظاہر نہیں کئے۔پارٹی کے معاشی ماہرین کے ہمراہ اسلام آباد پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک بچانے کیلئے ٹیکس ایمرجنسی لگانا ہو گی قرضے لیکر ملک چلانے کی پالیسی فیل ہو چکی ہے۔انھوں نے کہا کہ ٹیکس کی مد میں اکٹھے کیئے جانے والے ہر ایک روپے میں سے 62 پیسے سود کی مد میں جارہے ہیں جبکہ روپے کی قدر میں کمی کے باعث بھی مسلسل بیرونی قرضے بڑھ رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بیٹھے 61 فیصد لوگ ٹیکس ادا نہیں کرتے انھوں نے کہا کہ ملک کو چلانے کیلئے امیر لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا اور نوٹ چھاپنے کی بجائے اخراجات میں کمی کرنا ہوگی۔عمران خان کاکہناتھاکہ آج ملک بینک کرپٹ اسٹیٹ بنا دیا گیا ہے جس کی بڑی وجہ کرپشن ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں عمران خان کاکہناتھاکہ اگر حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں کرتی تو جمہوریت کو بچانے کیلئے سڑکوں پر نکلیں گے۔