اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین میں سی ڈی اے کے ملازم کی گھریلو تنازعہ پر پولیس اور بیوی پر فائرنگ سے سب انسپکٹر جاں بحق جبکہ اہلیہ اور ایک کانسٹیبل شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق سیکٹر آئی ٹین میں رہائش پذیر خاتون گلشن بی بی کا اپنے شوہر مسعود الہی کے ساتھ جھگڑا تھا۔ خاتون نے پانچ سالہ بچے کی حوالگی کے معاملے پر پولیس کی مدد طلب کی جس پر تھانہ سبزی منڈی کے سب انسپکٹر ریاض الدین پولیس موبائل پر سیکٹر آئی ٹن ٹو گلی نمبر 13 پہنچا تو مسعود الہی نے پولیس اور بیوی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر ریاض الدین موقع پر جاں بحق جبکہ کانسٹیبل اشرف اور خاتون شدید زخمی ہو گئے جنھیں پمز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق قاتل کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔