اسلام آباد : یوم آزادی کے موقعے پر اسلام آباد سمیت چاروں صوبائی دارلحکومتوں میں قومی پرچم لہرانے کی خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا بانی پاکستان اور شاعر مشرق کے مزار پر حاضری دی گئی۔ مرکزی تقریب اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں ہوئی جہاں وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی نے پرچم کشائی کی ۔تقریب سے خطاب میں انہوں نے قیام پاکستان کی راہ میں عظیم الشان جدوجہد کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش مسائل کا جلد حل نکال لیا جائے گا قوم ثابت قدم رہے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جہاں چیف جسٹس اقبال حمید الرحمان نے پرچم لہرا یا اور اسلام آباد پولیس کے دستے نے سلامی دی۔ کراچی میں وزیر اعلی قائم علی شاہ اور گورنر سندھ عشرت العباد نے صوبائی وزرا کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی ،پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔دونوں رہنمائوں کا کہنا تھا کہ قوم یکجان ہوکر پاکستان کوخوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کا عہد کرے ۔ لاہور میں وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے مزار اقبال پر حاضری دی ، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی ۔ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کا خواب دیکھنے اور امت مسلمہ کی رہنمائی کرنے والے عظیم شاعر کو خراج عقیدت پیش کیا اور قوم کو ان کے رہنما اصول پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔ پشاور کی پولیس لائن میں بھی پرچم کشائی کی گئی جہان وزیر اعلی امیر حیدر ہوتی اور صوبائی وزرا شریک ہوئے پولیس دستے نے سلامی دی کوئٹہ میں بھی جشن آزادی کی تقریب ہوئی جس میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی اسلم بھوتانی اور صوبائی وزرا ارکین اسمبلی شریک ہوئے۔