پشاور(جیوڈیسک)پشاور میں جاری انٹر ڈسٹرکٹ اسنوکر چیمپئن شپ ختم ہو گئی۔ فائنل میں پشاور کے شاہ خان نے کامیابی حاصل کر کے ٹائٹل جیت لیا۔
اسنوکر چیمپیئن شپ میں فاٹا سمیت صوبہ بھر سے 138 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ فائنل رائونڈ میں 64 کھلاڑی جگہ بنا سکے۔ چیمپیئن شپ کا مقصد قومی اسنوکر چیمپیئن شپ کیلئے کھلاڑیوں کو تیار کرنا تھا۔
صوبائی اسنوکر ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں اکیڈیمیز کے فقدان کے باعث نیا ٹیلنٹ سامنے نہیں آ رہا۔ چیمپیئن شپ کا فائنل ملاکنڈ کے شفیع اللہ اور پشاور کے شاہ خان کے درمیان کھیلا گیا۔ سنسنی خیز مقابلے میں دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔
ساتویں اور آخری فریم میں شاہ خان نے 74 کی بریک کے ساتھ اپنے حریف کو شکست دیدی۔ کھلاڑیوں نے حکومت سے اسنوکر کے کھیل کی سرپرستی کا مطالبہ کیا ہے۔
گزشتہ سال میں پاکستان کے محمد آصف نے ورلڈ اسنوکر چیمپیئن ہونے کا اعزاز تو حاصل کر لیا ہے لیکن اس مہنگے کھیل کی ترقی کیلئے شہروں کی سطح پر اکیڈیمیز کا قیام ناگزیر ہے۔