مانچسٹر (جیوڈیسک) انگلش فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے چوبیس ملین پاونڈ کے عوض حریف کلب آرسنل کے اہم کھلاڑی رابن وین پرسی کی خدمات حاصل کرنے کا معاہدہ کر لیا ہے۔ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے انتیس سالہ وین پرسی آرسنل کے کپتان ہیں اور انہوں نے انگلش پریمیئر لیگ میں گزشتہ برس سب سے زیادہ چوالیس گول کیے تھے۔ انہوں نے رواں برس جولائی میں اعلان کیا تھا کہ وہ آرسنل سے جون دو ہزار تیرہ میں ختم ہونے والے معاہدے کی تجدید میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ مانچسٹر یونائیٹڈ نے وین پرسی کی خدمات چار برس کے لیے حاصل کی ہیں اور وہ آئندہ اڑتالیس گھنٹے میں دیگر معاملات اور طبی معائنے کے لیے مانچسٹر یونائیٹڈ کے حکام سے ملاقات کریں گے۔
مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ رابن وین پرسی کے ٹرانسفر کا معاہدہ طے پانے کا اعلان کرنا کلب کے لیے باعثِ مسرت ہے۔ بیان کے مطابق یہ معاہدہ طبی معائنے اور ذاتی مطالبات کی منظوری سے مشروط ہے اور وقت کے ساتھ مزید معلومات دی جائیں گی۔ معاہدے کے مطابق مانچسٹر یونائیٹڈ وین پرسی کو دو کروڑ پچیس لاکھ پاونڈ دے گی جبکہ آئندہ چار برس کے دوران پریمیئر لیگ یا چیمپیئنز لیگ جیتنے کی صورت میں وین پرسی کو پندرہ لاکھ پاونڈ کا بونس بھی ملے گا۔
مانچسٹر یونائیٹڈ کے علاوہ یووینٹس اور مانچسٹر سٹی نے بھی ابتدائی طور پر وین پرسی کی خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی لیکن گزشتہ ہفتے یہ دونوں کلب پیچھے ہٹ گئے تھے۔ پروفیشنل فٹبالر ایسوسی ایشن اور فٹبال رائٹرز نے وین پرسی کو گزشتہ سیزن کا بہترین کھلاڑی قرار دیا تھا تاہم یورو دو ہزار بارہ کے دوران وین پرسی کی کارکردگی کچھ خاص نہیں رہی تھی اور وہ صرف ایک گول کر پائے تھے۔