اسلام آباد : (جیو ڈیسک) سپریم کورٹ میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے حق میں اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کے خلا ف درخواست کی سماعت جاری ہے جس کے دوران وزیراعظم کے وکیل اعتزاز احسن نے لارجر بینچ بنانے کی درخواست کردی۔ اسپیکر رولنگ کے خلاف کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کر رہا ہے جس کے دوران اعتزاز احسن نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ توہین عدالت 3 اقسام کی ہوتی ہیں، اسپیکر کا کام ڈاکخانے کا نہیں ہوتا، اسپیکر اپنا حق استعمال کرسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کو سزا کا مطلب نااہلی ہر گز نہیں۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے اپیل نہ کرکے عدالتی فیصلہ قبول کرلیا ۔ اس پر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ہم نے سزا قبول کی ہے نااہلی قبول نہیں کی، اور میں یہاں عدالتی فیصلے کی مخالفت نہیں کررہا، صرف یہ کہہ رہا ہوں کہ عدالتی فیصلے سے وزیراعظم نااہل نہیں ہوئے۔ اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ اپیل کے دلائل دے رہے ہیں، آپ اپیل ہی کرلیتے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ ہمیں اپیل کی ضرورت نہیں تھی اور نہ سزا تبدیل کرنیکا کہہ رہا ہوں، وزیراعظم کوشوکازنوٹس اورچارج شیٹ میں کہیں بھی عدالتی تضحیک کا ذکر نہیں۔ کیس کی سماعت تا حال جاری ہے۔