اسلام آباد : (جیو ڈیسک)وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے دعوی کیا ہے ہے کہ آنے والے سال میں مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں آجائے گی اور جو ٹیکس نہیں دینا چاہتے ان پر ٹیکس کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔وزیر خزانہ نے بجٹ کے حوالے سے ہونے والی پریس کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ روز جو کچھ بجٹ اجلاس میں ہو اس کا ہر پاکستانی کو دکھ ہوا انہوں نے مزید کہا کے پاکستان کی ضروریات امیرلوگوں پر بوجھ ڈال کر پوری کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑی محنت کر کے لوگوں کو اچھا بجٹ دیا ہے اگر ٹیکس ملے گا تو انشااللہ ریلیف ملے گا۔ تین سال سے مہنگائی کے بڑھنے کی رفتار میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ میں بیس فیصد اضافہ کیا ہے بجلی کا مسئلہ صرف پیسے دینے سے حل نہیں ہو گا بجلی کے مسئلے میں انتظامی ڈھانچے کا بھی دخل ہے۔ ترقیاتی پروگرام کے تین سو ساٹھ ارب روپے میں زیادہ رقم بجلی کی لیئے رکھی گئی ہے اور مسئلہ حل کرنے کے لیے جامع پروگرام بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ٹیکس کا نظام آسان بنایا گیا ہے۔ تینتیس ہزار ماہانہ آمدنی والے کو ٹیکس سے چھوٹ دی گئی ہے جس سے چودہ لاکھ ٹیکس ادا کرنے والوں کو فائدہ پہنچے گا۔ پچاس ہزار ماہانہ آمدنی پر پانچ ہزار ٹیکس عائد تھا جس کو پندرہ سو روپے کر دیا گیا ہے۔ سیلز ٹیکس کی شرح کو یکساں کرکے سولہ فیصد کردیا گیا ہے۔ سیلز ٹیکس کے نظام میں آسانی اور شرح میں کمی کی گئی ہے مجموعی آمدنی پر ٹیکس کی شرح ایک فیصد سے کم کر کے اعشاریہ پانچ فیصد کر دی گئی ہے۔