پاکستان : (جیو ڈیسک)سپریم کورٹ میں اصغرخان کیس کی سماعت کے دوران مہران بینک اسکینڈل کے مرکزی کردار یونس حبیب نے غیرمشروط معافی مانگ لی۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ سابق آرمی چیف مرزا اسلم بیگ نے ان سے کہا تھا کہ صدر اسحاق خان چاہتے ہیں کہ ملکی مفاد میں پینتیس کروڑ روپے کا بندوبست کیا جائے۔
یونس حبیب کے مطابق ایک ملاقات میں جس میں اسلم بیگ اور صدر اسحاق خان دونوں موجود تھے، اس رقم کا پوچھا گیا۔ اسلم بیگ نے کہا کہ جائز یاناجائز طریقے سے 35 کروڑ روپے کا بندوبست کیا جائے۔
یونس حبیب نے عدالت کو بتایا کہ روئیدادخان نے آصف علی زرداری کیخلاف مقدمہ درج کرانے کیلئے ان پر دباو ڈالا لیکن انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کردیا۔ ان کے مطابق ایک ارب اڑتالیس کروڑ روپے میں سے چونتیس کروڑ روپے مختلف بینکوں کے اکاونٹ میں ٹرانسفر کئے۔یونس حبیب نے دعوی کیا ہے کہ سیاستدانوں میں رقوم آئی ایس آئی اور یوسف ایڈووکیٹ نے تقسیم کیں۔ وہ سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔