چیئرمین پی سی بی اعجازبٹ کے عہدے کی میعاد آٹھ اکتوبر کو ختم ہورہی ہے لیکن ان کے عہدے پر برقرار رہنے کا واضح امکان ہے۔ گذشتہ روز بلاول ہائوس میں کھیلوں سے متعلق اہم شخصیات نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ اطلاعات کے مطابق وزیر اعلی سندھ کے مشیر حلیم عادل شیخ، شاہد آفریدی کی صدر سے تنہا ملاتات بھی کراناچاہتے تھے۔ حلیم عادل نے میٹنگ کی دوران بھی صدر کی توجہ آفریدی کا مسئلہ حل کرنے پر دلائی لیکن صدر زرداری نے محض سیلاب زدگان کی مدد کیلئے پاکستان اور شاہد آفریدی الیون کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ کے انعقاد کی تجویز پیش کی۔ اعجاز بٹ نے حال ہی میں صدر مملکت کو تحریر کردہ خطمیں عہدے کی میعادمیں چھ ماہ توسیع کی درخواست کی تھی۔ صدر آصف علی زرداری کے رویے سے اس تاثر کو تقویت ملی ہے کہ اعجاز بٹ پر ان کا اعتماد برقرار ہے اور انہیں توسیع ملنے کا روشن امکان ہے۔