افغانستان میں تعینات بین الاقوامی افواج نے کہا ہے کہ ملک کے وسطی حصے میں ان کی ایک تنصیب پر طالبان کے خودکش ٹرک بم حملے میں دو افغان شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔اتوار کو اتحادی افواج نے بتایا کہ امریکہ پر 11 ستمبر کے دہشت گرد حملوں کی دسویں برسی سے ایک روز قبل ہونے والی اس کارروائی میں نیٹو کے 77 اہلکار اور تقریبا 25 افغان شہری زخمی ہوئے، تاہم تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔نیٹو کا کہنا ہے کہ بارود سے لدے ٹرک میں دھماکا وردک صوبے میں قائم سیدآباد لڑاکا اڈے کے داخلی راستے پر کیا گیا البتہ ایسے حملوں کی شدت سے محفوظ رہنے کے لیے تعمیر کی گئی حفاظتی دیوار کے باعث تنصیب کے اندر بڑے پیمانے پر ہلاکتیں نہیں ہوئیں۔طالبان نے ہفتہ کو کیے گئے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔بین الاقوامی افواج کے اڈے پر خودکش حملے سے چند گھنٹے قبل طالبان نے امریکہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ ستمبر 11 کے دہشت گردانہ حملوں کے جواب میں افغانستان پر حملہ مغربی جمہوریت پر مستقل داغ ہے۔