افغانستان (جیوڈیسک) افغانستان میں قیام امن کے لئے سہ فریقی مذاکرات آج ہوں گے، برطانوی وزیر اعظم کی جانب سے پاک افغان صدور کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔
تینوں ممالک کے سربراہوں کا یہ تیسرا اجلاس ہے جس کا مقصد خطے امن و سلامتی سے متعلق معاملات پر بات چیت کرنا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کی فوج اور انٹیلیجنس کے سربراہ بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔
سہ فریقی مذاکرات کا آغاز برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کیا تھا جس کا مقصد افغانستان سے نیٹو فوج کے انخلا کے بعدکی صورتحال پر غور کرنا تھا۔ اجلاس میں تینوں سربراہانِ مملکت افغانستان میں امن و استحکام کے لئے جاری کوششوں اور طریق کار کا جائزہ بھی لیں گے۔ لندن میں برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے صدر آصف زرداری اور افغان صدر حامد کرزئی کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر عشائیہ دیا جس میں خطے کی صورتحال پر رسمی تبادلہ خیال کیا گیا۔