اسلام آباد (جیوڈیسک)سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان میں دراندازی اور فائرنگ باعث تشویش ہے۔ اسلام آباد میں انسداد منشیات پر علاقائی کانفرنس سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سرزمین سے فائرنگ پر افغان حکومت کے ساتھ ا علی سطح پر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ کوشش کی جا رہی ہے کہ ایسے واقعات پیش نہ آئیں۔
گزشتہ روز افغان نیشنل آرمی کی جانب سے عام شہریوں پر گولہ باری کی گئی تھی جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت چار افراد ہلاک ہوئے۔سیکریٹری خارجہ نے یہ بھی کہا کہ آج افغان امن کونسل کے سربراہ صلاح الدین ربانی اسلام آباد آرہے ہیں۔ وہ پاکستان کی اعلی سویلین اور عسکری قیادت سے ملاقات کریں گے۔ پاکستان کی حتی الوسع کوشش ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔