افغانستان کی سلامتی اور خطے میں استحکام کیلئے عالمی کانفرنس آج جرمنی کے شہر بون میں ہورہی ہے، کانفرنس میں نوے ممالک کے وفود اور وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ کانفرنس کا اہم کردار پاکستان کانفرنس میں شریک نہیں ہوگا۔ کانفرنس میں طے کیا جائیگا کہ اتحادی افواج کے انخلا کے بعد افغانستان میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے، افیون کی کاشت اور دہشتگردی کا قلع قمع کرنے پر غور کیا جائے گا۔ کانفرنس میں عالمی برادری افغانستان میں امن قائم رکھنے کیلئے سیکورٹی فورسز کی تربیت کے متعلق جامع پروگرام تشکیل دینے پر بھی لائحہ عمل طے کرے گی۔ کانفرنس میں خطے کے استحکام کیلئے بھی اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کانفرنس میں پاکستان کی عدم شرکت کو افسوس ناک قرار دیا تاہم ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ خودمختاری پر مبنی ہے۔ بان کی مون نے کہا کہ پاکستان خطے کا ایک اہم ترین ملک ہے جو افغانستان میں قیام امن اور استحکام کے لیے مدد کرسکتا ہے۔