راولپنڈی (جیوڈیسک) پاکستان کے دورے پر آئے افغانستان کے اعلی سطح کے فوجی وفد نے جی ایچ کیو میں پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات کی۔ افغان وزیر دفاع جنرل بسم اللہ خان وفد کی قیادت کر رہے تھے۔
ملاقات میں دو طرفہ امور ، دفاعی و فوجی تعاون کے فروغ ، افغانستان کی تازہ ترین صورت حال اور پاک افغان سرحدی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین فوجی تعاون بڑھانے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
ملاقات میں آرمی چیف جنرل کیانی نے پاک افغان سرحد پر حالیہ دنوں ہونے والی کشیدگی کے واقعات کی روک تھام پر زور دیا اور کہا کہ اس بارے میں دونوں ممالک کی افواج کو بارڈر کوارڈی نیشن نظام کو استعمال میں لاتے ہوئے تعاون بڑھانا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق افغان وزیر دفاع نے افغان طالبان سے جاری مفاہمتی عمل کی کامیابی کے لئے پاکستان کی طرف سے بعض افغان رہنماوں کی رہائی کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔