افغانستان کے آزاد الیکشن کمیشن نے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی وجہ سے پارلیمان کے نو اراکین کی رکنیت منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔الیکشن کمیشن کے چیئرمین فضل احمد معنوی نے اتوار کو ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ یہ فیصلہ انتخابی نتائج کے حوالے سے قائم کی گئی خصوصی عدالت کی ہدایت کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔ خصوصی عدالت نے 62 حلقوں میں انتخابی نتائج کو غیر آئینی قرار دے کر وہاں منتخب ہونے والے امیدواروں کی رکنیت منسوخ کرنے کا حکم دیا تھا۔معنوی نے بتایا کہ جن اراکین کی رکنیت منسوخ کی جا رہی ہے ان میں سے دو کا تعلق صوبہ ہرات جب کہ بقیہ کا صوبہ پکتیکا، بدخشاں، بغلان، سمنگان، ہلمند اور زابل سے ہے۔انتخابی عمل میں بدعنوانی کے الزامات کے بعد پیدا ہونے والے تنازع کے باعث گزشتہ کئی ماہ سے افغان پارلیمنٹ مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔