اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے پاکستان کے متاثرین کی ابتدائی مددکے لیے پنتیس کروڑ ستر لاکھ ڈالرز کی امداد کی اپیل کی ہے۔ امداد کی اپیل اقوام متحدہ کے پاکستان میں ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر ٹیمو پکالا نے اسلام آباد میں متاثرین سیلاب کے مدد کے لیے منعقدہ تقریب ریپڈ ریسپانس پلان کے دوران کیا ۔اس موقع پر اپنے خطاب میں وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان نے شرکا کو بتایا کہ حالیہ سیلاب سے اکہتر لاکھ لوگ متاثر ہوئے جبکہ تین سو انسٹھ افراد جان بحق ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ سیلاب سے سندھ بلوچستان میں پاکستان کا ساٹھ لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ زیر آب آگیا جبکہ بیس لاکھ سے زائد رقبہ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں ۔ تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے ذریعے عالمی برادری سے پینتیس کروڑ ستر لاکھ ڈالرز امداد کی اپیل کی ہے تاہم حالیہ سیلاب کے نقصان کا اندازہ ایک ماہ کے بعد لگایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی عالمی ادارہ حکومت پاکستان کی اجازت کے بغیر کسی بھی متاثرہ علاقوں میں امدادی سر گرمیاں نہیں کر سکتا اس کے لیے انھیں این ڈی ایم اے کی چھتری تلے آنا ہوگا۔