لاہور : وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ گرینڈ الائنس مارشل لا کے خلاف بنتے ہیں جمہوریت کے خلاف نہیں۔ لاہور ایئر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اطلاعت فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ الائنسز جمہوریت کے خلاف نہیں بنتے ،نہ ہی کامیاب ہوتے ہیں۔ سیاسی جماعتیں ایک دوسرے سے ملتی ہیں یہی جمہوریت کا حسن ہے لیکن ہمارا ایم کیو ایم سے رابطے کا مقصد کراچی کے امن و امان کو بحال کرنا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کا یہ جمہوری حق ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ بیٹھ کر ملکی معاملات کو بہتر بنائیں یا حزبِ اختلاف کے ساتھ مل کر ملک کے مفاد کے لئے کوئی حکمتِ عملی مرتب کریں۔