لاہور : (جیو ڈیسک) قیام پاکستان کے حوالے اسٹیج ڈرامہ پونے چودہ اگست کا آغاز لاہور کے الحمراہال میں ہو گیا ہے،زندہ دلان لاہور قائداعظم،علامہ اقبال اور وینا ملک کے کرداروں کی اداکاری سے محظوظ ہوتے رہے۔
معروف رائٹر انور مقصود کے بطور مصنف پہلے سٹیج ڈرامہ پونے چودہ اگست میں قائد اعظم محمد علی جناح اور ڈاکٹر علامہ اقبال کو آج کے پاکستان کی خوف ناک اور حقیقی تصویر دکھانے کی ڈرامائی کوشش کی گئی جسے ڈرامہ بینوں نے بے پناہ سراہا ۔
اسٹیج ڈرامہ پونے چودہ اگست میں ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے کردار اور ملکی سیاست دانوں کے اصل چہروں کی عکاسی بھی کی گئی اور تو اور انور مقصود نے تو وینا ملک کو بھی معاف نہیں کیا اور ادکارہ کی نام نہاد حب الوطنی اور بھارت پرستی کو بے نقاب کرڈالا ۔
انور مقصود نے پی آئی اے سمیت ملکی محکموں کی غفلت کو بھی مزاحیہ انداز میں پیش کیا،شائقین ڈرامہ کی بڑی تعداد نے پونے چودہ اگست دیکھا اور تلخ حقائق بیان کرنے والے فنکاروں کو دل کھول کر داد دی۔